وادئ کالام کا ہر گوشہ جنت کا نظارہ پیش کرتا ہے۔ لوگ عموماً اوشو جنگل، مہوڈنڈ جھیل اور جھیل جاتے ہوئے سرسبز وادیوں، برف سے ڈھکے فلک بوس پربتوں، بلندیوں سے گرتے چند ایک آبشاروں، جھرنوں اور پتھروں سے سر پھوڑتے دریاؤں اور جھاگ چھوڑتے نالوں ندیوں کو ہی پوری وادئ کالام سمجھ بیٹھتے ہیں۔ یہ بات حقیقت ہے، مذکورہ بالا وادیوں کی خوبصورتی سے انکار کسی صورت ممکن نہیں ہے مگر انہیں حُسنِ کُل سمجھنا نادانی ضرور ہے۔ کالام صرف مہوڈنڈ جھیل اور اوشو فاریسٹ کا نام نہیں ہے۔ اس کا ہر کونا چیخ چیخ کر کہتا ہے
اگر فردوس بر روئے زمیں است
ہمیں است و ہمیں است و ہمیں است
زیرِ نظر تصویر جلبنڈ گاؤں کی ہے۔ کالام مال روڈ سے مغربی سمت میں ایک پختہ سڑک اوپر کی طرف جاتی نظر آتی ہے۔ اسے تحصیل روڈ کہا جاتا ہے۔ تحصیل روڈ پر ذرا اوپر جاکر سڑک دائیں طرف مُڑتی ہے۔ یہاں پی ٹی ڈی سی موٹل واقع ہے۔ موٹل کے عین سامنے ایک کچا راستہ نظر آتا ہے۔ اسی راستے پر چل کر ٹھیک دس منٹ بعد آپ جلبنڈ گاؤں پہچ جاتے ہیں۔
جلبنڈ گاؤں کی ایسی کیا خوبی ہے جو اتنی تفصیل کے ساتھ میں اس کا ذکر کر رہا ہوں۔ اس گاؤں کی ایسی کوئی خوبی نہیں ہے بلکہ یہ بھی کالام مضافات میں واقع دوسرے دیہات کی طرح ایک ننھا سا، پیارا سا سرسبز دیہی علاقہ ہے۔ اس کی واحد خوبی شاید یہ ہے کہ یہ گاؤں مانکیال پہاڑی کی گود میں بیٹھا نظر آتا ہے، مطلب یہاں سے مانکیال کونز کا دیدار نہایت قریب سے کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ جگ بھانال اور بیشئ بھانال جا نہیں سکتے تو کوئی بات نہیں، مانکیال کونز کا نظارا یہاں سے بھی کر سکتے ہیں۔ جلوۂ جانانہ ہو جہاں سے ہو، جدھر سے ہو، جیسے ہو، تیسے ہو بس جلوۂ جانانہ ہو، عشق مُشک میں ناپ تول نہیں کرتے، جو کرتے ہیں وہ عشق مُشک نہیں کرتے۔ ویسے بھی زیادہ قریب نہیں جاتے، جل کر خاکستر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
اگر موسم صاف ہو، جلبنڈ سے فلک سیر کی چوٹی بھی نظر آتی ہے۔ یہ منظر بھی دیدنی ہوتا ہے۔
مقام: جلبنڈ گاؤں، کالام سوات
وقت: صبح صادق
منظر: کوشجن، کوہ سجن، سیون سسٹرز، فائیو فنگرز، مانکیال یا چیمارین 😘
عکاسی و تحریر: حسین علی
GIPHY App Key not set. Please check settings